Thursday, 19 September 2019

دنیا کی امیر ترین خواتین 
فوربزکی فہرست میں مختلف ملکوں اورمعروف بین الاقوامی کاروباری اداروں سے تعلق رکھنے والی خواتین شامل ہیں

امریکی میگزین فوربز کی امیر ترین خواتین کی فہرست جاری،مختلف ملکوں اور معروف بین الاقوامی کاروباری اداروں سے تعلق رکھنے والی خواتین شامل ہیں
مائی ٹائم رپورٹ

معروف امریکی جریدے فوربز نے دنیا بھر میں امیر ترین خواتین کی ایک فہرست شائع کی ہے جس میں مختلف ملکوں اور معروف بین الاقوامی کاروباری اداروں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو شامل کیا گیا ہے۔میگزین کی فہرست کے مطابق پہلے نمبر پر فرانسیسی کاسمیٹکس کمپنی لوریل کی چیئرمین فرانسواز بیٹن کورٹ مائیرز ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 49.3 ارب ڈالر اور وہ دنیا کی 15ویں امیر ترین انسان ہیں، وہ اپنے خاندان سمیت اس کمپنی کی ایک تہائی مالکن ہیں۔65 سالہ فرانسواز بیٹن کورٹ مائیرز کو ان کی جائداد اپنی والدہ لیلیٰ این بیٹن کورٹ سے وصول ہوئی جو ستمبر 2017ءمیں 94 سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔

فہرست میں دوسرا نام معروف امریکی کمپنی وال مارٹ کے بانی سیم والٹن کی بیٹی ایلس والٹن کا ہے جو 44.4 ارب ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کی 17ویں امیر ترین انسان ہیں۔69 سالہ ایلس والٹن معروف امریکی کمپنی وال مارٹ کے بانی سیم والٹن کی اکلوتی بیٹی ہیں، تاہم اپنے دو بھائیوں کے برعکس انھوں نے اپنی خاندانی کمپنی سے دور رہ کر اپنی توجہ فن کی طرف کر دی ہے۔ ایلس اپنے آبائی شہر بینٹن ویل میں کرسٹل برجز میوزیم آف امیریکن آرٹ کی سربراہ بھی ہیں۔

تیسرے نمبر پر امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ایمزون کے بانی جیف بینروس کی سابقہ اہلیہ 48 سالہ مکینزی بیزوس ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 35.6 ارب امریکی ڈالر ہے جو صرف ان کا ایمزون کا حصہ ہے اور ک ±ل مالیت شاید اس سے بھی زیادہ ہو، ان کو یہ رقم اپنے شوہر سے علیحدگی شرائط کے تحت ملی۔مکینزی بیزوس کی زیر ملکیت آن لائن ریٹیل ویب سائٹ ایمازون کا چار فیصد حصہ ہوگا، یہ حصہ 35.6 ارب امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہے جس سے وہ دنیا کی تیسری امیر ترین خاتون اور 24 ویں امیر ترین انسان بن گئی ہیں۔ 

عالمی سطح پر امیر ترین خواتین میں چوتھا نام امریکی چاکلیٹ کمپنی مارز کی ایک تہائی کی مالکن 79 سالہ جیکلین مارز کا ہے جن کے اثاثوں کی مالیت 23.9 ارب امریکی ڈالر ہے،ان اثاثوں کے ساتھ یہ دنیا کی 33 ویں امیر ترین انسان ہیں۔ یہ کمپنی ان کے دادا فرینک نے 1911ءمیں بنائی تھی۔انھوں نے تقریباً 20 سال اپنی خاندانی کمپنی کے ساتھ کام کیا ہے اور 2016ءتک وہ اس کمپنی کے بورڈ کی رکن بھی تھیں۔

پانچویں امیر ترین خاتون چینی ریئل اسٹیٹ کمپنی کنٹری گارڈن ہولڈنگز کے اکثریتی حصص کی مالکن 27 سالہ یان ھوان ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 22.1 ارب ڈالر ہے، وہ چین کی سب سے امیر ترین خاتون اور دنیا کی 42 ویں امیر ترین انسان ہیں۔کنٹری گارڈن کی ویب سائٹ کے مطابق یہ 2016ءمیں دنیا کی تیسری بڑی پراپرٹی کمپنی تھی، ان کو اس کمپنی کا 57 فیصد حصہ اپنے والد سے 2016ءمیں ورثے میں ملا۔

فہرست میں مجموعی طور پر چھٹی اور دوسری یورپین خاتون سوزین کلیٹن کے اثاثوں کی مالیت 21 ارب امریکی ڈالر ہے جس سے یہ دنیا کی 46 ویں امیر ترین انسان ہیں۔جرمنی سے تعلق رکھنے والی 56 سالہ سوزین کی دولت کے اس حجم کے پیچھے دواسازی اور گاڑیوں کی کمپنیاں ہیں۔ سوزین کو اپنے والدین کی وفات کے بعد کیمیائی اشیاءبنانے والی کمپنی ایٹلینٹا اے جی کا نصف حصہ وراثت میں ملا جبکہ سوزین اور ان کے بھائی کا کل ملا کر بی ایم ڈبلیو میں تقریباً 50 فیصد حصہ بھی ہے۔انھوں نے ایٹلینٹا کو نجی محدود شراکت دار کمپنی بنا کر مکمل طور پر خرید لیا ہے،ساتھ ہی انھوں نے کئی اور کمپنیوں میں بھی شئیرز خریدے ہیں۔

ساتویں امیر ترین خاتون ایپل کے بانی اسٹیو جوبز کی بیوہ 55 سالہ لورین پاول جوبز ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 18.6 ارب ڈالرہے۔ لورین نے کچھ پیسے صحافت میں لگا کر دی ایٹلانٹک رسالے کا اکثریتی حصہ خریدا ہے اور مدر جونز اور پرو پبلکا جیسے غیر منافع بخش اداروں میں بھی حصص خریدے ۔


No comments:

Post a Comment